اسلام آباد( آن لائن )صفر المظفر 1441ہجری کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس 29ستمبر بمطابق 29محرم الحرام بروز اتوار کی شام طلب کر لیا گیا ہے جبکہ ماہر فلکیات نے صفر المظفر کا چاند 30ستمبر بمطابق 30محرم الحرام بروز پیر کو نظر آنے کی پیشگوئی کی ہے
جس کے مطابق محرم کا رواں مہینہ 30ایام پر مشتمل ہو گا اور یکم صفر المظفر یکم اکتوبر بروز منگل کو ہو گی۔محکمہ مذہبی امور کے ذرائع نے بتایاکہ مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کمیٹی کے مرکزی چیئر مین مفتی منیب الرحمن کی سربراہی میں 29محرم الحرام بمطابق 29ستمبر بروز اتوار کی شام بوقت نماز مغرب میٹ کمپلیکس کراچی میں منعقد ہو گا جبکہ زونل روئت ہلال کمیٹیوں کے اجلاس مقررہ وقت پر ان کے مقررہ مقامات پر ہوں گے۔انہوںنے بتایاکہ ملک بھر سے ملنے والی شہادتوں اور چاند کی عینی رویت کے مطابق چاند نظر آنے یا نہ آنے کا اعلان کیا جائے گا۔دریں اثنا ماہر ین فلکیات ، قمر شناس ، علم الاعداد نے پیشگوئی کی ہے کہ چونکہ 29محرم الحرام بروز اتوار بمطابق 29ستمبر کی شام نئے چاند کی طبعی عمر پوری نہ ہو گی اسلئے لیگ ٹائم کم ہونے کے باعث چاند نظر آنا ممکن نہیں۔انہوںنے بتایاکہ صفر المظفر کا چاند 30ستمبر بمطابق 30محرم الحرام بروز پیر کی شام نظر آئے گا اس طرح یکم صفر المظفر یکم اکتوبر بروز منگل کو ہونے کا امکان ہے۔