اسلام آباد (این این آئی) وزیراعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ مولانا صاحب! موجودہ حکومت اور پارلیمان اس لیے ناجائز اور حرام ہے کیونکہ اس میں آپ موجود نہیں؟ ۔ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوںنے کہاکہ آج آپ کی جمہوریت پسندی کہاں ہے؟آج کس منہ سے پارلیمان کو گرانے کے دعوے فرما رہے ہیں؟ آج آپ کے جمہوریت کے لئے اصول کہاں ہیں؟ ۔انہوںنے کہاکہ مولانا صاحب!
دوسروں کو مشورہ دینے کی بجائے اپنے بیٹے سے کہیں کہ استعفیٰ دے دیں۔ انہوںنے کہاکہ اپنے فرزند کے لیے پارلیمان بھی حلال؟ اس کی تنخواہ بھی حلال؟ مراعات بھی حلال؟ اس کی نشست بھی حلال؟ ۔انہوںنے کہاکہ مولانا صاحب کو کشمیر سے زیادہ کشمیر کمیٹی سے دلچسپی ہے۔ منسٹر کالونی کے گھر کیلئے اسلام آباد کو لاک ڈاؤن نہ کریں۔ انہوںنے کہاکہ مولانا صاحب مارچ کشمیریوں کی آزادی کے لئے کریں، چوروں کی آزادی کیلئے نہیں؟ ۔