ٹیکسلہ (آن لائن)پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سال 2023 تک پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائن (پی آئی اے) میں طیاروں کی تعداد بڑھا کر 14 کرنے کا اعلان کردیا۔وفاقی وزیر ہوا بازی غلام سرور خان نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ ’ہم نے قومی ایئر لائن کے لیے ایک بزنس پلان تشکیل دیا ہے جس کی منظوری وزیراعظم عمران خان بھی دے چکے ہیں،
اس کے تحت پی آئی اے کے طیاروں کی موجودہ تعداد 31 سے بڑھا کر 45 کردی جائیگی۔وفاقی وزیر نے بتایا کہ طیارے ڈرائی اور ویٹ لیز پر لینے کے بجائے خریدے جائیں گے۔خیال رہے کہ ڈرائی لیز سے مراد ایک طویل مدتی طریقہ کار ہوتا ہے جس میں عملے، مینٹیننس، اور انشورنس کے بغیر ماہانہ یا سالانہ بنیادوں پر ادائیگی کر کے کسی ایئر لائن کو طیارہ فراہم کیا جاتا ہے۔وفاقی وزیر کا مزید کہنا تھا کہ اس وقت پی آئی اے ملکی اور غیر ملکی روٹس پر 31 طیاریں چلا رہی ہے اور اس کے بیڑے میں مرحلہ وار اضافہ کر کے 45 طیارے کردیے جائیں گے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ اس جدید حکمت عملی کے تحت پی آئی اے میں اس سال 4 جہاز شامل کیے جائیں گے جس میں وہ 2 اے آر ٹی بھی ہوں گے جو تکنیکی بنیادوں پر گراؤنڈ کردیے گئے تھے تاہم اب انہیں آپریشنل کردیا جائیگا۔وزیر ہوا بازی کا مزید کہنا تھا کہ ’یہ طیارے پی آئی اے کے اپنے وسائل استعمال کر کے فعال کردیے جائیں گے اور حکومت سے کوئی امداد نہیں لی جائیگی‘۔انہوں نے کہا کہ اچھے فیصلوں اور بہتر حکمرانی کی وجہ سے پی آئی اے کی آمدن میں 45 فیصد اضافہ ہوا۔حال ہی میں مکمل ہونے والے حج پروازوں کے بارے میں ان کا کہنا تھا کہ قومی ایئر لائن نے اپنے طیاروں کیساتھ حج فلائٹ آپریشن کامیابی سے مکمل کیا۔