اسلام آباد (آن لائن) مسلم لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قرضوں کا حجم 330 کھرب 24 ارب تک پہنچ گیا اور صرف جولائی میں 1.23 کھرب روپے کا ریکارڈ قرض اضافہ ہوا ہے۔ حکومت نے قوم کو مقروض کرنے کا نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے اور جھوٹ پہ جھوٹ بول کر معیشت ٹھیک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔
اتوار کے روز پاکستان مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب نے ملکی معیشت پر حکومتی پریس کانفرنس کے ردعمل میں بات کرتے ہوئے کہا کہ نالائق اور نااہل حکومت جھوٹ پہ جھوٹ بول کر معیشت ٹھیک کرنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی سب سے بڑی اور نمایاں ترجیحات میں جھوٹ بولنا، مہنگائی اور بے روزگاری میں اضافہ ہے۔ وزیر اعظم عمران خان ٹی وی لگائیں تو انہیں پتہ چلے کہ ان کی حکومت نے قوم کو مقروض کرنے کا نیا تاریخی ریکارڈ قائم کر دیا ہے۔رہنما مسلم لیگ ن نے کہا کہ معیشت کی تباہی کی زمہ دار نالائق حکومت ہے جس نے ایک سال شش و پنج اورکنفیو ڑن میں ضائع کیا۔ایف بی آر کے مطابق 5.5 کھرب کا ریونیو ہدف حاصل نہیں ہوسکتا ہے لیکن حکومت ہے کہ جھوٹ بولے چلے جا رہی ہے۔ مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ قرضوں کا حجم 330 کھرب 24 ارب تک پہنچ گیا اور صرف جولائی میں 1.23 کھرب روپے کا ریکارڈ قرض بڑھا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ نااہل حکومت نے گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں کم ترین ریونیو جمع کرنے کا تاریخی ریکارڈ قائم کیا ہے، عمران خان بتائیں جولائی میں حکومت نے گزشتہ برس سے 159 فیصد زائد قرض کیوں لیا؟مریم اورنگزیب نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ جولائی میں حکومتی قرضوں میں 12 کھرب 37 ارب کا اضافہ حکومتی نااہلی کا اعلان ہے، روپے کی تاریخی 34 فیصد بے قدری کے باوجود گزشتہ جولائی میں برآمدات صرف ایک ارب 90 کروڑ ڈالر تھی۔
انہوں نے کہا کہ امیر ٹیکس دینے میں پیچھے ہیں اِس لیے 300 ارب جی آئی ڈی سی اور 4 ارب ایتھنول کی مد میں امیروں کا ٹیکس معاف کیا گیا۔ صرف جولائی میں 1.23 کھرب روپے کا ریکارڈ قرض بڑھا ہے، اس کا ذمہ دار کون ہے؟مریم اورنگزیب نے کہا کہ کرنٹ اکاؤنٹس خسارے میں کمی سی پیک منصوبہ جات کے لیے سامان کی ترسیل بند ہونے سے آئی ہے اور اسٹیٹ بینک بتا رہا ہے کہ قرضوں کا حجم 330 کھرب 24 ارب تک پہنچ گیا ہے۔