لاہور(این این آئی)احتساب عدالت اسلام آباد کے سابق جج ارشد ملک کو سیشن کورٹ لاہور میں آفیسر آن اسپیشل ڈیوٹی تعینات کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا۔رجسٹرار لاہور ہائی کورٹ نے چیف جسٹس ہائی کورٹ کی منظوری کی بعد نوٹیفکیشن جاری کیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق ارشد ملک کو سیشن کورٹ لاہور میں 21 ویں گریڈ پر او ایس ڈی پر تعینات کیا گیا جس کا اطلاق 22 اگست 2019 سے ہوگا۔واضح رہے کہ 6 جولائی کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز
پریس کانفرنس کے دوران العزیزیہ اسٹیل ملز کیس کا فیصلہ سنانے والے جج ارشد ملک کی مبینہ خفیہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔ویڈیو سامنے آنے کے بعد احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے خود پر لگنے والے الزامات کا جواب دیا تھا اور ایک پریس ریلیز جاری کی تھی۔ارشد ملک وہی جج ہیں جنہوں نے سابق وزیر اعظم نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں 7 سال قید بامشقت اور بھاری جرمانے کی سزا سنائی تھی جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا تھا۔