کراچی (آن لائن)راولپنڈی اسلام آباد ٹیکس بار ایسوسی ایشن (رِٹبا)کے صدر سید توقیر بخاری نے انکشاف کیا ہے کہ ایف بی آر نے تنخواہ دار افراد کے لئے نئی موبائل ایپلیکیشن تیار کر لی ہے جس کی مدد سے لوگ پریشانی کے بغیراز خود گوشوارے داخل کروا سکیں گے۔اس ایپلیکیشن کو چند دن میں لانچ کر دیا جائے گا۔ اس ایپ سے ایف بی آر کی کارکردگی اور محاصل میں اضافہ متوقع ہے۔سید توقیر بخاری نے بتایا کہ مختلف شعبوں کے لئے مختلف اور عام فہم ریٹرن فارم متعارف کروائے جا رہے ہیں جس سے تعلیمی اداروں،
ہسپتالوں اور جیولرز وغیر ہ کے لئے ٹیکس کی ادائیگی آسان ہو جائے گی۔سال رواں میں گوشوارے جمع کروانے والوں کی تعداد میں چالیس لاکھ افراد کے اضافہ کا امکان ہے جبکہ گزشتہ سال اس میں پچیس لاکھ افراد کا اضافہ ہوا ہے جو ملکی تاریخ میں ایک ریکارڈ ہے۔انھوں نے کہا کہ ایف بی آر نے جو نئے گوشوارہ فارم روشناس کروائے ہیں ان میں کچھ غلطیاں ہیں جنھیں جلد از جلد درست کیا جائے جبکہ تنخواہ دار ملازمین کے لئے بنائے جانے والے ایپ میں جائیداد سے ہونے والی آمدنی کا لنک بھی رکھا جائے۔