اسلام آباد (ین این آئی)اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین قبلہ ایاز نے کہا ہے کہ کم عمری کی شادیوں کا مسئلہ صرف قانون سازی سے حل نہیں کیا جاسکتا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے اْنہوں نے کہاکہ کم عمری کی شادی سے متعلق 1961 میں بھی قانون سازی ہوئی، جبری قانون سازی مسائل کاحل نہیں ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں قانون سازی کے باوجودکم عمری کی شادی کا مسئلہ مزیدبڑھ گیا، اس حوالے سے جب تک عوامی شعور اجاگر نہیں
کیاجاتا مسئلہ جوں کا توں ہی رہے گا۔قبلہ ایاز نے کہا کہ علما میت تمام شعبہ ہائے زندگی کے افراد اس مسئلے کو حل کرنے کے لیے سنجیدگی سے سوچ رہے ہیں، اب حکومت کا کام ہے کہ وہ سنجیدہ اقدامات کرتے ہوئے عوامی مہم چلائے۔چاند کی رویت کے حوالے سے اْنہوں نے کہاکہ ایک ہی دن روزہ اورعید کے لیے جلد مذاکرے کا اہتمام کیا جائیگا، میں خود مفتی پوپلزئی کے پاس جاؤں گا اور ہم مل بیٹھ کر مسئلے کو حل کریں گے۔