ملتان (این این آئی)ملتان میں غیرت کے نام پر نوجوان پر تشدد کے الزام میں پولیس نے ایک ماہ بعد مقدمہ درج کرکے 9 ملزمان کو گرفتار کرلیا۔یہ واقعہ ایک ماہ قبل ملتان کی بستی ملوک میں پیش آیا تھا، جہاں درزی کا کام کرنے والا ’بستی آلہ آباد‘ کا رہائشی رمضان نامی نوجوان اپنے دوستوں کے ساتھ کرکٹ میچ کھیلنے گیا تو عبدالشکور نامی شخص نے اپنے رشتہ داروں کی مدد
سے رمضان کو پکڑ لیا اور اسے برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنایا اور ویڈیو بھی بنائی۔ذرائع کے مطابق عبدالشکور کو شک تھا کہ رمضان کے اس کی بیٹی کے ساتھ تعلقات ہیں۔رمضان کے بھائی طارق کے مطابق ملزمان کا بااثر افراد کی پشت پناہی ہونے کے باعث پولیس نے مقدمہ ایک ماہ تک درج نہ کیا، 20 اگست کو واقعہ کا مقدمہ درج کیا گیا، جس کے بعد نامزد 9 افراد کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔