اسلام آباد(اے این این ) چیف جسٹس پاکستان آصف سعید کھوسہ نے کہا ہے کہ نیب قانون کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اسے جیسے مرضی استعمال کریں۔چیف جسٹس نے ایک کیس کی سماعت کے دوران نیب قانون سے متعلق اہم ریمارکس دیتے ہوئے کہا کہ نیب قانون کا یہ مطلب نہیں کہ آپ اسے جیسے مرضی استعمال کریں، پہلے ہم سنتے تھے کہ سیاسی وفاداریاں تبدیل کرنے کے لیے نیب قانون کا استعمال کیا جاتا تھا، اب سول قوانین
کو فوجداری لا کے ذریعے ڈیل کیا جا رہا ہے، سول مقدمات کو بھی نیب قوانین کے ذریعے ڈیل کرنا شروع کردیا گیا، نیب قانون کا غلط استعمال نہیں ہونا چاہیے۔بدھ کوچیف جسٹس کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے تین رکنی بینچ نے کرپشن کیس کی سماعت کی۔سپریم کورٹ نے ملزم حشمت اللہ شاہ کو بری کرنے کاحکم دے دیا۔ حشمت اللہ پرلوگوں سے کاروبار میں شراکت داری کے لیے دو کروڑ 70 لاکھ روپے لے کر خورد برد کا الزام تھا۔