اسلام آباد(این این آئی)وفاقی کابینہ نے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز(پولی تھین) کی تیاری، خریدو فروخت اور استعمال پر پابندی عائد کرنے کی منظوری دیدی۔ منگل کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے وفاقی کابینہ کے اجلاس میں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں
پلاسٹک بیگز(پولی تھین) پر مکمل پابندی کی منظوری دے دی گئی، منظوری کے بعد 14 اگست سے اسلام آباد میں پلاسٹک بیگز کی مینوفیکچرنگ ، پرچیزنگ ، سیلنگ اور استعمال پر پابندی عائد ہوگی۔مقررہ وقت کے بعد کوئی بھی شخص پولی تھین بیگز کی مینوفیکچرنگ ، پرچیزنگ ، سیلنگ اور استعمال نہیں کرسکے گا جب کہ محض مجاز اتھارٹی انڈسٹریل پیکنگ، میونسپل پیکنگ،ہاسپیٹل ویسٹ کیلئے مخصوص شرائط پر فلیٹ بیگز استعمال کرنے کی اجازت دے گی۔پولی تھین فلیٹ بیگز کے استعمال کیلئے درخواست گزار کو سالانہ10 ہزار فیس بھی ادا کرنی پڑے گی۔ایس آر او کے مطابق اگر کسی مینوفیکچرر، امپورٹر یا ہول سیلر نے ان ریگولیشن کی خلاف ورزی کی تو اس کو پہلی خلاف ورزی پر1 لاکھ روپے جرمانہ ہوگا، دوسری بار2 لاکھ جبکہ دو سے زائد خلاف ورزیوں پر5 لاکھ جرمانہ عائد کیا جائے گا۔اگر کسی دکاندار، ہاکر یا سٹال ہولڈر نے ریگولیشنز کی خلاف ورزی کی تو اس کو پہلی خلاف ورزی پر10 ہزار روپے جرمانہ ہوگا جب کہ دوسری بار20 ہزار روپیاور 2 سے زائد خلاف ورزیوں پر50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا۔