لاہور(این این آئی)سابق صوبائی وزیر فیاض الحسن چوہان نے کہا ہے کہ میری ذاتی اطلاع کے مطابق رانا ثنا اللہ کو ان کے فرنٹ مین منشیات فروشوں کے اہم سرغنہ طارق پٹواری سے ہونے والی تحقیقات کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا ہے، منشیات فروشی سے حاصل ہونے والی رقم کالعدم تنظیموں کی سر گرمیوں کیلئے استعمال ہوتی تھی۔ رانا ثنااللہ کی گرفتاری کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ رانا ثنا اللہ وہ ہستی ہے جس نے آل شریف کی سرپرستی میں دنیا کا ایسا کوئی گناہ نہیں جو سر انجام نہ دیا ہو۔
رانا ثنا اللہ نے شریف برادران کی سرپرستی ہر صغیرہ و کبیرہ،انفرادی اجتماعی گناہ سر انجام دیا۔ رانا ثنا اللہ نہ صرف منشیات فروشوں، قبضہ گروپوں کی سرپرستی کرتے تھے بلکہ کئی افراد کے قتل میں بھی ملوث ہیں جس کاالزام نواز شریف کے رشتہ عابد شیر علی کے والد بھی ان پر لگا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ رانا ثنا اللہ نے ایک روز قبل بیان دیا کہ جو رکن اسمبلی وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات کریگا اس کے گھر کا گھیراؤ کرینگے اور آج ان کے رکن اسمبلی اشر ف انصاری کے گھر پر حملہ ہو گیا۔