لندن (آن لائن) سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور ایک وفاقی وزیر کی جانب سے فنڈ ریزنگ کیلئے منعقد کی جانے والی تین تقریبات منسوخ کردی گئی ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار گزشتہ 2 ہفتوں سے برطانیہ میں موجود ہیں اور فنڈ ریزنگ تقریبات کی تاریخوں کا اعلان وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی مشاورت سے کیا گیا تھا
تاہم مقامی پاکستانی کمیونٹی کی عدم دلچسپی کے باعث یہ ایونٹس منسوخ کرنا پڑ گئے۔ خیال رہے کہ سابق چیف جسٹس اپنے اہلخانہ کے ہمراہ فنڈ ریزنگ تقریبات کے آرگنائزرز کی دعوت پر لندن گئے تھے۔رپورٹس کے مطابق سابق چیف جسٹس فیملی کے ساتھ لندن اس لیے گئے تھے تاکہ فنڈ ریزنگ تقریبات میں شرکت کے ساتھ ورلڈ کپ کے میچز بھی دیکھ سکیں لیکن جب وہ لندن پہنچ گئے تو آرگنائزرز نے انہیں بتایا کہ عوام کی جانب سے پذیرائی نہ ہونے کے باعث تقریبات منسوخ کرنا پڑ گئی ہیں۔آئی ایم پاکستان ورلڈ وائڈ موومنٹ (آئی اے پی ڈبلیو ایم) نے برمنگھم، مانچسٹر اور لندن میں دیا مر بھاشا ڈیم کی فنڈ ریزنگ تقریبات منعقد کرنا تھیں جن میں سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار اور وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا نے شرکت کرنا تھی۔پی ٹی آئی حلقوں کے قریبی شخص نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ پی ٹی آئی برطانیہ کے لیڈر انیل مسرت کی جانب سے ان ایونٹس میں اس قسم کی دلچسپی کا مظاہرہ نہیں کیا گیا جس قسم کی دلچسپی انہوں نے اس وقت دکھائی تھی جب ثاقب نثار چیف جسٹس کے عہدے پر براجمان تھے جس کے باعث یہ ناکام ہوگئے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار گزشتہ 2 ہفتوں سے برطانیہ میں موجود ہیں اور فنڈ ریزنگ تقریبات کی تاریخوں کا اعلان وفاقی وزیر برائے آبی وسائل فیصل واوڈا کی مشاورت سے کیا گیا تھا تاہم مقامی پاکستانی کمیونٹی کی عدم دلچسپی کے باعث یہ ایونٹس منسوخ کرنا پڑ گئے۔