اسلام آباد (این این آئی)سپریم کورٹ آف پاکستان نے اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس میں کہا ہے کہ جب تک نیا ایم ڈی نہیں لگایا جاتا فضل حلیم کام جاری رکھیں،10 ملین کی بنک گارنٹی ہر ٹھیکیدار کو واپس کر دی جائے۔سپریم کورٹ میں اورنج لائن میٹرو ٹرین کیس کی سماعت جسٹس عظمت سعید شیخ کی سربراہی میں تین
رکنی بنچ نے کی ۔ دور ان سماعت وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ منصوبے کا سول ورک مکمل ہوچکا ہے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ کیا تینوں ٹھیکیداروں نے مقررہ وقت پر کام مکمل کیا۔ نعیم بخاری وکیل نجی کمپنی نے کہاکہ 20 مئی کو عدالت کے حکم کیمطابق سول ورک مکمل کیا۔ فضل حلیم پراجیکٹ ڈائریکٹر نے کہاکہ کام تقریبا ًمکمل ہوچکا جو رہ گیا ٹھیکیداروں نے وقت پر مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ نعیم بخاری نے کہاکہ عدالت میں درخواست دینا چاہتا ہوں ہمارے ساتھ کچھ زیادتیاں ہوئی ہیں۔نعیم بخاری نے کہاکہ ہمیں پیسے کم دیے گئے ہیں۔ نعیم بخاری نے کہاکہ کام مکمل کر لیا اب بینک گارنٹی بھی واپس کی جائے۔ جسٹس اعجاز الاحسن نے کہاکہ نومبر تک ٹرین چلنی ہے۔ وکیل پنجاب حکومت نے کہاکہ فضل حلیم کی جگہ نیا ایم ڈی لگانے کیلئے اشتہار جاری کر دیا ہے۔ عدالت نے کہا کہ جب تک نیا ایم ڈی نہیں لگایا جاتا فضل حلیم کام جاری رکھیں۔عدالت نے کہاکہ 10 ملین کی بنک گارنٹی ہر ٹھیکیدار کو واپس کر دی جائے۔بعد ازاں سماعت گرمیوں کی چھٹیوں کے بعد تک ملتوی کر دی گئی ۔