اسلام آباد(آن لائن) چیئر مین ایف بی آر شبر زیدی نے کہا ہے کہ 800 سی سی کی گاڑی پر ٹیکس لگایا گیاہے کیونکہ گاڑی والا غریب نہیں ہے ۔حکومت جلد پرائز بانڈز کو بھی ختم کرنے جا رہی ہے اس حوالے سے کام جاری ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شبر زیدی نے کہا کہ یہ کہناغلط ہے کہ بجٹ میںہر چیز پر ٹیکس لگا دیا گیا ہے ہم نے 800 سی سی کی گاڑی پر ڈیوٹی عائد کی ہے
کیونکہ گاڑی والا غریب نہیں ہے۔ اگر غریب پر ٹیکس لگا ہے تو بتائیں ہم نے 6 لاکھ روپے سے کم تنخواہ والے شخص پرٹیکس نہیں لگایا اب نان فائلر رہنا نا ممکن ہو گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سارا بوجھ مینو فیکچرز پر ہے۔ ہمارے پاس بے نامی جائیدادوں کی تفصیلات موجود ہیں لیکن ہم لوگوں کو تنگ نہیں کرنا چاہئے ہم جلد پرائز بانڈز کو بھی ختم کر دیں گے اس سلسلے میںکام جاری ہے۔