لاہور(پ ر) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے کہا ہے کہ محض شو بازیاں کرکے خادم اعلیٰ کاجعلی میڈل سینے پر نہیں سجایا جاسکتابلکہ اس کیلئے عوام کی بے لوث خدمت اورعام آدمی کے مسائل کا احساس کرنا پڑتا ہے۔سابق حکمرانوں نے ذاتی نمود و نمائش کے منصوبے بنائے جس کا فائدہ صوبے کے عوام کونہیں ہوابلکہ الٹا خزانے پر بوجھ پڑا۔آج یہاں ایک بیان میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہمیں شو بازیاں آتی ہیں نہ جعلی کام کرتے ہیں۔
ماضی کی حکومت کی ساری ترقی اشتہارات تک محدود تھی۔سابق ادوار کی غلط پالیسیوں کے باعث نظام میں سرایت کی گئی خرابیاں ٹھیک کررہے ہیں۔عوا م کی خدمت ہمارا مشن ہے،جسے پوراکریں گے۔ وزیراعظم عمران خان کی قیادت میں نئے پاکستان کی منزل کی جانب بڑھ رہے ہیں۔مختصر مدت میں وہ کام کردکھائے ہیں جو سابق حکومتیں پانچ سال میں نہ کرسکیں۔نظام کو بھی درست کریں گے اورخرابیوں کو بھی۔انہوں نے کہا کہ سابق حکمرانوں نے جنوبی پنجاب کے عوام کو کھوکھلے نعروں کے نام پر دھوکہ دیا۔جنوبی پنجاب کے لوگوں سے ووٹ لیے لیکن علاقے کی ترقی و خوشحالی کیلئے کچھ نہیں کیا۔تحریک انصاف کو جنوبی پنجاب کے عوام نے بھر پور مینڈیٹ دیا ہے اور ہماری حکومت جنوبی پنجاب کے علاقوں کی پائیدار ترقی کیلئے عملی اقدامات کررہی ہے۔جنوبی پنجاب کی پسماندگی دور کرنے کیلئے جامع حکمت عملی کے تحت کام کیا جا رہا ہے اور بجٹ میں جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی و خوشحالی پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔جنوبی پنجاب کے علاقوں کی ترقی کیلئے علیحدہ ترقیاتی بجٹ مختص کیا جارہا ہے۔جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ نئے مالی سال سے فعال ہوجائے گا،جہاں ایڈیشنل چیف سیکرٹری،ایڈیشنل آئی جی اورمتعلقہ محکموں کے سپیشل سیکرٹریز تعینات ہوں گے اورجنوبی پنجاب کے لوگوں کو اپنے مسائل کے حل کیلئے لاہورنہیں آنا پڑے گا۔ عام آدمی کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے تمام وسائل مہیا کریں گے۔انہوں نے کہا کہ وطن عزیز میں حکومتیں تو بدلتی رہیں مگر عام آدمی کے حالات نہ بدلے۔
تحریک انصاف کی حکومت کو عام آدمی کے مسائل کا احساس ہے۔ماضی میں عام آدمی کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔کبھی عام آدمی کو روٹی، کپڑا اور مکان کے نام پر دھوکہ دیا گیااورکبھی ترقی کے جعلی منصوبوں کے نام پر۔انہوں نے کہا کہ70سال بعدتحریک انصاف کی حکومت عام آدمی کے مسائل کے حل کے لئے کوشاں ہے اورتحریک انصاف کی حکومت کی پالیسیوں کا مرکز و محور عام آدمی ہے۔ غریب کی فلاح و بہبود کا ایجنڈا لے کر برسراقتدار آئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عام آدمی کی حالت کو بدلیں گے اور تحریک انصاف کی حکومت عوام کے حقوق کی نگہبانی کرے گی۔
عام آدمی کی فلاح و بہبود کی ذمہ داری کو فرض نہیں عبادت سمجھ کر پورا کریں گے۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب سردارعثمان بزدارنے معروف عالم دین علامہ عباس کمیلی کے انتقال پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے -وزیر اعلی نے سوگوار خاندان سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے- وزیر اعلی نے بین المسالک ہم آہنگی کے فروغ اور فرقہ واریت کے خاتمے کے لئے مرحوم کی گرانقدر خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ علامہ عباس کمیلی مرحوم مذہبی ہم آہنگی کے فروغ کے داعی تھے اورمرحوم نے ہمیشہ اتحاد، اتفاق اور یکجہتی کی بات کی -وزیر اعلی نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کی روح کو اپنے جواررحمت میں جگہ عطا کریں۔