اسلام آباد(سی پی پی ) آئندہ مالی سال کے بجٹ اور ممکنہ وکلا تحریک پر غور کے لیے بنی گالہ میں دو الگ الگ اجلاس طلب کرلیے گئے جس کی صدارت وزیراعظم عمران خان کریں گے۔ بنی گالہ میں ہونے والے اجلاس میں وکلا تحریک سے متعلق اجلاس میں پنجاب اور خیبر پختونخوا کے وزرائے اعلی کو بھی مدعو کیا گیا ہے جب کہ دونوں صوبوں کے وزیر قانون اور وفاقی وزیر قانون بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔
اجلاس کے دوران ممکنہ وکلا تحریک کا جائزہ لیا جائے گا اور آئندہ کی حکمت عملی پر مشاورت کی جائے گی۔آئندہ مالی سال کے بجٹ پر حکومتی ترجمانوں کا اجلاس بھی بنی گالہ میں طلب کیا گیا ہے اور اس کی صدارت بھی وزیراعظم عمران خان کریں گے۔اجلاس کے دوران آئندہ بجٹ کے خدوخال سے متعلق حکومتی ترجمانوں کو آگاہ کیا جائیگا اور بجٹ پر ایوان میں اپوزیشن کی حکمت عملی کے جواب کا معاملہ بھی زیر غور آئے گا۔