اسلام آباد (آن لائن ) عید الا ضحیٰ کے بعد محرم کی تعطیلات کی تاریخوں کا بھی پیشگی اعلان، فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ ہجری کیلنڈر کے مطابق محرم یکم ستمبر 2019 بروز اتوار کو ہو گا، جبکہ عید الا ضحیٰ سوموار 12 اگست کو ہوگی۔
تفصیلات کے مطابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے عید الا ضحیٰ کے بعد محرم کی تعطیلات کی تاریخوں کا بھی پیشگی اعلان کر دیا ہے۔فواد چوہدری کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ محرم یکم ستمبر 2019 بروز اتوار کو ہو گا۔ جبکہ عید الا ضحیٰ سوموار 12 اگست کو ہوگی۔ وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چودھری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا چلئے اب اس عید کی بحث ختم، اب اگلے دو اہم اسلامی دن یعنی عید الاضحیٰ اور محرم کب ہیں۔انہوں نے کہا ہجری کیلنڈر کے مطابق عید الا ضحیٰ سوموار 12 اگست 2019 اور محرم یکم ستمبر 2019 بروز اتوار کو ہو گا۔جبکہ اس سے قبل وفاقی وزیر فواد چوہدری کی جانب سے عید الفطر کی تاریخ کا بھی پیشگی اعلان کیا گیا تھا۔ وفاقی وزیر فوادی چوہدری نے عید الفطر 5 جون بروز بدھ کو ہونے کی پیشن گوئی کی تھی، جو درست ثابت ہوئی۔ جبکہ اب وفاقی وزیر نے عید الضحیٰ اور محرم کی تعطیلات کا بھی پیشگی اعلان کر دیا ہے۔ تاہم دوسری جانب علماء کرام وفاقی وزیر کے اعلان کو قبول کرنے کیلئے تیار نہیں ہیں۔علماء کا مطالبہ ہے کہ وفاقی وزیر فواد چوہدری دینی معاملات میں مداخلت سے باز رہیں۔ اسلامی مہینوں کی رویت کا حتمی فیصلہ رویت ہلال کمیٹی کی جانب سے ہی کیا جائے گا۔