لاہور(این این آئی)مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نوازنے کہا ہے کہ نواز شریف کی طبیعت پوچھنے کیلئے اجازت مانگی تھی لیکن انکار کر دیا گیا۔ اپنی ٹوئٹ میں مریم نواز نے کہا کہ کہنا صرف یہ تھاکہ یہ جو ہم پہ آج بیت رہی ہے کل آپ پر بھی بیتے گی۔یاد دہانی ضروری ہے کیونکہ مکافات عمل اٹل ہے۔انہوں نے کہا کہ جعلی اور سیاسی مقدمات میں قید نواز شریف کی صحت کو خطرہ لاحق ہے۔
عید کے تہوار کے موقع پر جو بیٹی کو باپ سے ملنے کی اجازت نہ دیں ان سے بڑا ظالم کون ہو گا؟۔ ظلم، نفرت اور انتقام کی غلیظ سیاست کرنے والوں کو نہیں بھولنا چاہیے، اللہ دنوں کو الٹتا پھیرتا رہتا ہے اور ہمیشہ کی بادشاہی اسی کی ہے۔دریں اثناء پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ان کی صاحبزادی اور دیگر کی ملاقات پر پابندی کی مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ سلیکٹڈ وزیراعظم سیاسی مخالفین کو ذہنی اذیت اور بد نام کرکے جھکانہیں سکتے۔ پاکستان مسلم لیگ (ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے ان کی صاحبزادی اور دیگر کی ملاقات پر پابندی کی مذمت کی ہے۔ ایک بیان میں مریم اور نگزیب نے کہاکہ مریم نواز ہر روز پنجاب حکومت سے اپنے والد کو ملنے کی اجازت مانگ رہی ہیں اور پنجاب حکومت عمران صاحب کو خوش کرنے کے لئے اجازت نہیں دے رہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف صاحب کو عید کے موقع پر بھی اپنی والدہ، بیٹی اور گھر والوں سے ملنے نہیں دیا جا رہا۔ انہوں نے کہاکہ نوازشریف صاحب کی ملاقات کا دن جمعرات مختص کیا گیا ہے لیکن اْس دن بھی ملنے کو اجازت نہیں دی جا رہی۔انہوں نے کہاکہ عمران صاحب انتقامی اور غلیظ سیاست کی انتہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ سلیکٹڈ وزیراعظم سیاسی مخالفین کو ذہنی اذیت اور بد نام کرکے جھکانہیں سکتے عمران صاحب اللہ سے ڈریں یہ ظلم کب تک؟۔ انہوں نے کہاکہ رمضان المبارک اور عیدالفطر پر پر قوم کے غموں میں اضافے کا باعث بننے والا شخص سیاسی مخالفت میں اندھا ہوچکا ہے۔
انہوں نے کہاکہ عمران صاحب ایسی انتقامی سیاست سے آپ کو نالائقی اور نااہلی ختم نہیں ہو گی۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب ایسی انتقامی سیاست سے آپ عوام کا پیٹ نہیں بھر سکتے۔ انہوں نے کہا کہ عمران صاحب آمرانہ اور فسطائی ذہنیت سے ظلم کا ایک سیاہ باب رقم کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ محمد نواز شریف اور ان کے ساتھیوں اور کارکنوں کے حوصلے ایسی گری ہوئی حرکتوں اور اوچھے ہتھکنڈوں سے پست نہیں کئے جا سکتے۔ انہوں نے کہاکہ میاں صاحب کی صحت سے متعلق تشویشناک خبریں مل رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عمران صاحب سیاسی انتقام اور اپنی نالائقی کی وجہ سے سیاسی بیمار اور ذہنی مریض ہو گئے ہیں