اسلام آباد(این این آئی)بار کونسل نے اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں قراداد منظور کرلی ہے۔اعلی عدلیہ کے ججز کے خلاف ریفرنس دائر کرنے کے معاملے پر غور کیلئے اسلام آباد بار کونسل کا اجلاس ہوا جس میں صدر اسلام آباد ڈسٹرکٹ بار چوہدری خانزادہ، جنرل سیکرٹری عمیر بلوچ، وائس چیئرمین ہارون رشید، صدر ہائی کورٹ بار راجا انعام امین منہاس سمیت وکلا کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔
اسلام آباد بارکونسل کے ممبر جاوید سلیم شورش نے اجلاس کی تفصیلات جاری کیں۔اجلاس کے دوران اسلام آباد بار کونسل نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے حق میں قرارداد منظور کرلی۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ حکومت اس طرح کے ریفرنسز بھیجنے سے گریز کرے، جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کے خلاف ریفرنس فوری واپس لیا جائے۔اسلام آباد بار کونسل نے کہاکہ معزز ججز کے خلاف ریفرنسز دائر کرکے دباؤ میں لانے کی کوشش کی جارہی ہے۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ محلاتی سازشیں عدلیہ کی آزادی پر کاری ضرب لگانے کے مترادف ہیں۔اعلامیہ میں کہاگیاکہ 8 اور 9 جون کو پاکستان بارکونسل کے اجلاس میں بھرپور شرکت کریں گے۔اسلام آباد بار کونسل نے کہاکہ ایسا لائحہ عمل بنایا جائے گا کہ آئندہ آزاد عدلیہ پر کوئی اثر انداز نہ ہو۔ اعلامیہ میں کہاگیاکہ وکلا برادری معزز جج کے خلاف اقدامات کی روک تھام کے لئے اقدامات کریں۔