اسلام آباد (مانیٹرنگ ڈیسک) خیبرپختونخوا میں سرکاری طور پر عید منانے کا اعلان کر دیا گیا، خیبرپختونخوا حکومت نے منگل کو عید کا اعلان کر دیا ہے،خیبرپختونخوا میں منگل کو سرکاری طور پر عید منائی جائے گی، اس بات کا اعلان صوبائی وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کیا ہے، صوبے بھر سے شہادتیں موصول ہونے کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا، وزیراعلیٰ محمود خان، گورنر شاہ فرمان پشاور میں عید منائیں گے۔ واضح رہے کہ خیبر پختونخوا حکومت نے مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چیرمین بنانے کی تجویز دے دی۔
خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے پورے ملک میں ایک دن عید اور رمضان کے لیے مقامی رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا چیرمین بنانے کی تجویز دی ہے۔ایک انٹرویومیں شوکت یوسفزئی نے کہا کہ اگر مفتی شہاب الدین پوپلزئی کو مرکزی کمیٹی کا چیرمین بنانے سے مسئلہ حل ہوتا ہے تو کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہیے، ہم چاہتے ہیں قوم اب دو دو روزوں اور عید سے باہر نکلے، یہ نیا پاکستان ہے اب یہ مسئلہ حل ہونا چاہیے، مرکز کو اس حوالے سے تجویز دیں گے۔