ملتان(نیوز ڈیسک) دہی کھٹا ہونے پر میاں بیوی میں ہونے والے معمولی جھگڑے نے کئی گھر تباہ کر دیے۔ یہ معمولی تنازع دوہرے قتل کی افسوسناک واردات کی وجہ بن گیا، تھانہ سیتل ماڑی کے علاقہ محلہ رحمان پورہ کے رہائشی جاوید اقبال اور ارشد نے تقریباً سات سال قبل اپنی بہن ثمینہ کی شادی غلام علی سے کی جو پلمبر کا کام کرتا تھا، ان کا ایک بیٹا اور ایک بیٹی ہے، شادی کے کچھ عرصے بعد ہی دونوں میاں بیوی کے درمیان گھریلو ناچاقی اور جھگڑے معمول بن گئے۔
دونوں میاں بیوی کے درمیان چند روز پہلے جھگڑا ہوا، اس جھگڑے کی بنیاد کھٹا دہی تھا، غلام علی سحری کے لیے جو دہی لایا وہ کھٹا تھا، اس پر دونوں میاں بیوی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی، بات بڑھتے ہوئے ہاتھا پائی تک چلی گئی اس دوران ثمینہ بی بی کو اس کے شوہر غلام علی نے دھکا دیا تو اس کی آنکھ کے نیچے زخم آ گیا۔ اس جھگڑے کے بعد ثمینہ کے بھائیوں کو کہا گیا کہ وہ اپنی بہن کو آ کر لے جائیں، خاندان کے ایک بزرگ کے ساتھ ثمینہ کو اس کے بھائیوں کے گھر بھیج دیا گیا، جب اس کے بھائیوں نے اس کے چہرے کے زخم دیکھے تو انہوں نے قانونی کارروائی کا فیصلہ کیا، اپنی بہن کا میڈیکل کروا کر ویمن پولیس سنٹر میں اپنے بہنوئی کے خلاف درخواست دے دی، ویمن سینٹر میں اس معاملے کو درست انداز میں ڈیل نہیں کیا گیا، جب غلام علی کو ویمن پولیس سینٹر آنے کا کہا گیا تو اس نے خود کو شہر باہر قرار دیتے ہوئے فون بند کر دیا، پولیس کو رپورٹ دینے پر غلام علی غصے میں آ گیا وہ اپنے بھائی ظفر اور والدہ زبیدہ کے ہمراہ اپنے سالوں کے گھر گیا، محلہ رحمان پورہ میں جاوید اقبال اور ارشد کے گھر پہنچا اور چھریوں کے وار کرکے دونوں کو موت کے گھاٹ اتار دیا، ان کے دو نوجوان بیٹوں بابر اور عامر کو شدید زخمی کر دیا۔ خواتین اور بچوں کی چیخ و پکار پر اہل محلہ موقع پر پہنچ گئے اور انہوں نے غلام علی کو ایک کمرے میں بند کر دیا اس کے باقی ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے۔اس جھگڑے نے کئی گھر تباہ کر دیے ہیں، پولیس نے غلام علی کو حراست میں لے لیا ہے اور واردات میں استعمال ہونے والی چھریاں بھی برآمد کر لی ہیں۔