کراچی (این این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹرین کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی کی نااہل حکومت پاکستان پیپلز پارٹی سے بوکھلا گئی ہے مدینے کی ریاست میں تو انصاف کا بول بالا ہوتا ہے مگرموجودہ حکومت کی ریاست میں نا انصافی اور مہنگائی عروج پر ہے،نئے پاکستان میں 17 مرکزی وزارتیں غیر منتخب افرادکے پاس ہیں انہوں نے پاکستان کے تحفظ کا کوئی حلف یا وعدہ نہیں لیا۔
وہ گذشتہ روز پیپلز یوتھ آرگنائزیشن کراچی ڈویژن کے صدر راشد خاصخیلی کی جانب سے مقامی ہوٹل میں دیئے گے افطار ڈنر کے موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کر رہی تھیں۔افطار ڈنر میں سندھ کے صدر نثار احمد کھوڑو، جنرل سیکریٹری وقار مہدی، نائب صدر راشد حسین ربانی، کوآرڈینیشن سیکریٹری نعمان شیخ، کراچی ڈویڑن کے صدر ایم پی اے سعید غنی، ایم این اے قادر پٹیل، فدا ڈھکن، جاوید نایاب لغاری، ایم پی اے لیاقت آسکانی، اقبال ساند، ظفرصدیقی، خلیل ہوت، جاوید شیخ نے خصوصی شرکت کی جبکہ لالا رحیم، دل محمد، علی احمد، چوھدری اصغر آرائیں، شہزاد مجید، وقاص شوکت، جانی میمن، سردار خان، شاہینہ سعیدہ، آصف خان، ریاض بلوچ، عابد ستی، نجمی عالم، تیمور سیال، فرحان غنی، سمیت دیگر موجود تھے۔ شیری رحمان نے اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری جب قومی اسمبلی میں تقریر کرنے لگتے ہیں تو ان کا مائک بند کر دیا جاتا ہے۔ سیاسی انتقامی مقدمے جو بنائے جا رہے ہیں ان کی پیشی پر جب ہم اپنے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کے ساتھ نیب کے دفتر جا رہے ہوتے ہیں تو ہمیں روکا جاتا ہے۔ نہتے کارکنوں پر آنسو گیس، واٹر کینن کا استعمال کیا جاتا ہے چلچلاتی دھوپ اور روزے میں ان پر ایسا تشدد کیا جاتا ہے کہ آمریت کا منظر نظر آتا ہے ہماری دو خواتین ایم این ایز اور مزید 25 کارکنوں کو حوالات میں بند کر دیا گیا۔ کیا مدینے کی ریاست میں یہ سب ہوتا ہے۔
عوام کو دو وقت کی بھی روٹی نصیب نہیں ہو رہی۔انہوں نے کہا کہ عوام کے ٹیکسوں پر سلیکٹڈ حکومت راج کر رہی ہے آپ کے وی آئی پی پروٹوکول بتاتے ہیں کہ عوام کے ٹیکس کا پیسہ کہاں جا رہا ہے۔ آئی ایم ایف آپ کو روز ڈکٹیشن دے رہا ہے روز کسی نہ کسی چیز کی قیمت بڑھا دی جاتی ہے۔ غریب عوام آخر کب تک مہنگائی کی چکی میں پستی رہے گی۔ نثار احمد کھوڑو نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سلیکٹڈ حکومت کی پالیسیاں ملک کو غیر مستحکم کر رہی ہیں۔ سیاسی انتقام پر اتری یہ ناکام حکومت جیالوں کو ڈرا نہیں سکتی۔ سندھ کے جیالوں اور عوام نے بڑے بڑے آمروں کا مقابلہ کیا ہے اور ہم اب اس سلیکٹڈ حکومت کا بھی سامنا کرنے کو تیار ہے۔