لاہور(سی پی پی ) پنجاب حکومت نے مخصوص محکموں کے انجینئرز کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ٹیکنیکل الائونس دینے کا اعلان کر دیا۔تفصیلات کے مطابق وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سعودی عرب میں قیام کے دوران ٹویٹ کر کے کہا ہے کہ مخصوص محکموں میں انجینئرز کو بنیادی تنخواہ کا ڈیڑھ گنا ٹیکنیکل الائونس ملے گا۔ عثمان بزدار نے کہا کہ ہم پنجاب میں پروفیشنلز کو بھرپور مواقع فراہم کرنے پرعمل پیرا ہیں، پبلک سیکٹر میں
پروفیشنلز کے دیرینہ مسائل حل کیے جا رہے ہیں۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ انجینئرز کے لیے ٹیکنیکل الائونس کی منظوری ان کی قابلیت کا اعتراف ہے، امید ہے کہ اب انجینئرز پہلے سے بھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کریں گے۔ خیال رہے کہ عثمان بزدار وزیر اعظم عمران خان اور دیگر وزرا کے ہمراہ سعودی عرب کے دورے پر ہیں، آج انھوں نے وزیر اعلی خیبر پختون خوا محمود خان کے ہمراہ مدینے میں روضہ رسولؐ کے متولی اور کلید بردار شیخ نوری محمد احمد علی سے خصوصی ملاقات کی۔