اسلام آباد(آن لائن)وزیر اعظم عمران خان نے سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات جھوٹی حل کرنے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے کے خلاف انکوائری کی ہدایات کر دیں اور 21 روز میں تحقیقات کرنے کا حکم دے دیا ۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے ہفتہ کو سٹیزن پورٹل پر شہریوں کی شکایات کو جعلی حل کرنے کی رپورٹس کا نوٹس لے لیا اور شکایات کا ازالہ نہ کرنے والے افسران کے خلاف تحقیقات کا حکم دے دیا کیونکہ ایف آئی اے میں جعلی طریقے سے انکوائریاں
بند کرنے کا انکشاف ہوا تھا ۔ جس پر وزیر اعظم عمران خان نے غفلت برتنے والے افسران کے خلاف فوری تحقیقات کا حکم دیا ہے وزیر اعظم آفس کی طرف سے ڈائریکٹر سائبر کرائم ایف آئی اے کی انکوائری کی ہدایات بھی کر دی گئی ہیں ۔اس حوالے سے وزیر اعظم آفس نے ڈائریکٹر جنرل ایف آئی اے کو بھی خط لکھ دیا کہ شہریوں کی شکایات آپ کے پاس پہنچتی ہیں لیکن ان کا باضابطہ حل کرنے کی بجائے شکایات کو غیر سنجیدہ لیتے ہوئے ان کا طریقہ کار طے نہیں کیا جاتا بلکہ ان کو بند کر دیا جاتاہے ۔