پشاور(این این آئی)عوامی نیشنل پارٹی کے سینئر رہنما حاجی غلام احمد بلور نے وزیرستان میں پرامن مظاہرین پر فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے، اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نے قبائلی اضلاع الیکشن سے قبل قبائلی عوام کو تحفہ دیا ہے جس میں چند لاشیں، کچھ زخمی اور قیدی شامل ہیں،پختونوں کے ساتھ کؤجو ظلم کیا جا رہا ہے
وہ ملک کو تباہی کی جانب لے جائے گا، حکومت ہوش کے ناخن لے ورنہ صورتحال اس کے کنٹرول سے باہر ہو جائے گی، حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ قبائلی عوام جو اپنے ایم این ایز بھی رکھتے ہیں اپنے حقوق کیلئے میدان میں نکلے لیکن بدقسمتی سے ان کی بات سننے کی بجائے انہیں گولیاں ماری گئیں، حاجی غلام احمد بلور نے کہا کہ بادی النظر میں پختونوں کے ساتھ بنگالیوں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے جس کی وضاحت کی جانی ضروری ہے،انہوں نے کہا کہ پختونوں کے خون سے ہاتھ رنگنا تحریک انصاف کا وطیرہ ہے، کنٹینر مظاہرین نے اسمبلی،سمیت پی ٹی وی اور سرکاری املاک پر حملہ کیا اس وقت کسی نے گولی نہیں چلائی تو آج غریب پختونوں کو کس بات کی سزا دی جا رہی ہے،انہوں نے کہا کہ جو کچھ ہو رہا ہے اور جو ہونے والا ہے پختونوں کیلئے باعث تشویش ہے،مظاہرین کا بے گناہ خون حکومت کو مہنگا پڑے گا،انہوں نے کہا کہ پہلے پختون قیادت کو پارلیمنٹ سے باہر کیا گیا اور اب پر فائرنگ کر کے جو پیغام دیا جا رہا ہے وہ ناقابل یقین ہے،حاجی بلور نے کہا کہ حق مانگنا جائز ہے لیکن حقوق مانگنے والوں کی جانیں لینا کسی صورت قابل برداشت نہیں ہو گا۔انہوں نے کہا کہ حکومت ملک کو تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے۔