اسلام آباد(این این آئی)وفاقی حکومت کی جانب سے ’’کامیاب جوان پروگرام‘‘کی منظوری کے بعد اقوام متحدہ نے بھی پروگرام کی کامیابی کیلئے تعاون کی پیشکش کر دی۔ پیر کو اقوام متحدہ کے حکام نے وزیراعظم کے معاون خصوصی عثمان ڈار سے ملاقات کی جس میں یو این ڈی پی کے ریجنل ڈائریکٹر اور پاکستان میں تعینات ریزیڈینٹ آفیسر شریک ہوئے ۔پروگرام کے تحت نوجوانوں کو روزگار کی فراہمی کے مختلف منصوبوں پر
غور اور نوجوانوں کو تعلیم کی فراہمی، ہنر مند بنانے کے لئے تجاویز پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ حکام اقوام متحدہ نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں بے پناہ ٹیلنٹ ہے، نوجوانوں کی تعمیری صلاحیتیوں کو مثبت استعمال میں لانا ہو گا۔اقوام متحدہ حکام نے کہاکہ اقوام متحدہ مالی اور تکنیکی معاونت فراہم کرنے کے لئے تیار ہے۔وزیر اعظم کے معا ون خصوصی عثمان ڈار نے کہاکہ کامیاب جوان وفاقی حکومت کا نوجوانوں کے لئے سب سے بڑا منصوبہ ہے۔