لاہور( این این آئی ) قومی احتساب بیورو ( نیب ) کی چار رکنی ٹیم نے کوٹ لکھپت جیل میں قید سابق وزیر اعظم محمد نواز شریف سے سرکاری گاڑیوں کے ذاتی استعمال سے متعلق ڈھائی گھنٹے تک پوچھ گچھ کی ۔ ذرائع کے مطابق ایڈیشنل ڈائریکٹرحمادحسن نیازی اورڈپٹی ڈائریکٹرانویسٹی گیشن عبدالماجد سمیت چار اہلکاروں پر مشتمل نیب ٹیم کوٹ لکھپت جیل پہنچی اور کوٹ لکھپت جیل میں سپرٹنڈنٹ کوٹ لکھپت جیل اعجاز اصغر کے دفتر
میں ان کی موجودگی میں تفتیش کی ۔ میڈیا رپورٹ میں ذرائع کے حوالے سے کہاگیا ہے کہ سارک کانفرنس 2016ء کے مہمانوں کے لئے جرمنی سے 33بلٹ پروف گاڑیاں غیر قانونی خریدی گئیں ۔33 میں سے 20گاڑیاں نواز شریف نے اپنے قافلے میں شامل کیں جو ان کے اور ان کی صاحبزادی کے استعمال میں رہیں۔ذرائع کے مطابق نیب کی ٹیم نواز شریف سے تقریباً ڈھائی گھنٹے تک سوالات کرنے کے بعد واپس روانہ ہو گئی ۔