اسلام آباد (این این آئی) وفاقی وزیر توانائی عمر ایوب نے دعویٰ کیا ہے کہ جون 2020 میں گردشی قرض کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائیگا،300 سے کم یونٹ والے صارفین کو سبسڈی جاری رکھیں گے،آٹو میٹک میڑز کا نظام لائیں گے،پیسکو، کیسکو اور میپکو کی تقسیم کار کمپنیوں کو دو کمپنیوں میں تقسیم کر دیں گے۔
جمعہ کو سیکرٹری پاور عرفان علی کے ہمراہ وزیر بجلی عمر ایوب خان نے پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رمضان المبارک میں بجلی فراہمی کی صورتحال بہتر رہی، ملک میں 8 ہزار فیڈر میں سحر اور افطار میں کوئی لوڈشیڈنگ نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومت بارودی سرنگیں بچھا کر گئی تھی،عملے نے بلا تعطل بجلی کی فراہمی کیلئے بہت کام کیا۔ انہوں نے کہاکہ اکتوبر سے اپریل تک 81 ارب روپے آمدن میں اضافہ ہوا،آمدن میں اضافے سے بجلی فراہمی میں تعطل نہیں آیا۔ انہوں نے کہاکہ بجلی کی مسلسل سپلائی سے چھوٹے کاروباروں کو فائدہ ہوا،قبائلی علاقوں میں 10 گھنٹے بجلی فراہم کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ گردشی قرض میں 650 ارب روپے سابق حکومت چھوڑ کر گئی۔انہوں نے کہاکہ سابق حکومت میں ہر ماہ گردشی قرض 38 ارب روپے تھا جس کو کم کر کے 26 ارب روپے ماہانہ کیا جائیگا،جون 2020 میں گردشی قرض کو مکمل طور پر ختم کر دیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ سابق حکومتوں نے انرجی مکس کو ٹھیک کرنے کیلئے کام کیا،60 فیصد بجلی پیداوار درآمدی فیول پر ہے۔قابل تجدید توانائی منصوبوں سے اس کو بدلیں گے۔ انہوں نے کہاکہ 300 سے کم یونٹ والے صارفین کو سبسڈی جاری رکھیں گے،انہوں نے کہاکہ آٹو میٹک میڑز کا نظام لائیں گے،پیسکو، کیسکو اور میپکو کی تقسیم کار کمپنیوں کو دو کمپنیوں میں تقسیم کر دیں گے۔