اسلام آباد (این این آئی) بھارتی ہائی کمشنر اجے بساریہ نے کہاہے کہ نریندر مودی کی حکومت مستقبل میں پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لئے کردار ادا کرے گی،دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمہ اور بہتر تعلقات کے لیے ٹھوس اور مثبت اقدامات لینا ہوں گے،دونوں ملکوں کو دہشتگردی اور غربت جیسے مشترکہ دشمن کا سامنا ہے،مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بداعتمادی کا خاتمہ ضروری ہے،
کرتارپور راہداری پر تکنیکی مذاکرات کا آئندہ دور 27 مئی کو ہو گا،تکنیکی مذاکرات کا دور زیروپوائنٹ پر ہو گا جس میں دونوں ملکوں کے تکنیکی ماہرین شرکت کریں گے۔ گزشتہ روز میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوںنے کہاکہ بھارت میں صاف شفاف انتخابات ہوئے۔ انہوںنے کہاکہ بھارت میں پہلی مرتبہ ایک ہی جماعت کو دوسری مدت کے لئے اقتدار ملا ہے۔ اجے بساریہ نے کہاکہ نریندر مودی کی حکومت مستقبل میں پاک بھارت تعلقات میں بہتری کے لئے کردار ادا کرے گی۔ اجے بساریہ نے کہاکہ دونوں ملکوں کے درمیان کشیدگی کے خاتمہ اور بہتر تعلقات کے لیے ٹھوس اور مثبت اقدامات لینا ہوں گے۔ انہوںنے کہاکہ اعتماد سازی اور ماحول کو سازگار بنا کر آگے بڑھ سکتے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ کرتارپور راہداری اعتماد سازی کے اقدامات میں سے ایک ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے کہاکہ دونوں ملکوں کو دہشتگردی اور غربت جیسے مشترکہ دشمن کا سامنا ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے کہاکہ مشترکہ چیلنجز سے نمٹنے کے لئے بداعتمادی کا خاتمہ ضروری ہے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے کہاکہ بشکیک میں دونوں وزرائے خارجہ کی ملاقات خوش آئند ہے۔ اجے بساریہ نے کہاکہ تعلقات میں بہتری کے لیے آہستہ مگر تسلسل سے کام کرنا ہو گا۔ اجے بساریہ نے کہاکہ کرتارپور راہداری پر تکنیکی مذاکرات کا آئندہ دور 27 مئی کو ہو گا،تکنیکی مذاکرات کا دور زیروپوائنٹ پر ہو گا جسمیں دونوں ملکوں کے تکنیکی ماہرین شرکت کریں گے۔ بھارتی ہائی کمشنر نے کہاکہ امید ہے کہ کرتارپور پر منسوخ ہونے والی مرکزی میٹنگ بھی جلد منعقد ہو گی۔