اسلام آباد (این این آئی)سینٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات و نشریات کے چیئر مین فیصل جاوید خان نے سینیٹر پرویز رشید کے سوال پر کہاہے کہ اطلاعات کا قلمدان وزیر اعظم کے پاس ہے جس پر پرویز رشید نے کہا ہے کہ اگر اطلاعات کا قلمدان
وزیراعظم کے پاس ہے تو کمیٹی کے اجلاس میں آنا چاہیے تھا، خوش قسمتی ہوتی اگر وزیراطلاعات کا دیدار ہوجاتا۔ جمعرات کو سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے چیئرمین فیصل جاوید اور سینیٹر پرویز رشید میں دلچسپ مکالمہ ہوا ۔ سینیٹر پرویز رشید نے سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے اطلاعات کے اجلاس میں سوال کیا کہ وزیراطلاعات کون ہے؟ سینیٹر فیصل جاوید نے جواب دیا کہ اطلاعات کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے۔ پرویز رشید نے کہاکہ اگر اطلاعات کا قلمدان وزیراعظم کے پاس ہے تو انہیں قائمہ کمیٹی کے اجلاس میں آنا چاہیے تھا۔ انہوں نے کہاکہ خوش قسمتی ہوتی اگر وزیراطلاعات کا دیدار ہوجاتا۔ سینیٹر فیصل جاوید نے کہاکہ وزیراعظم کی معاون خصوصی اطلاعات اجلاس میں آرہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ پرویز رشید صاحب آپ تو خود بھی وزیراطلاعات رہے ہیں۔ پرویز رشید نے کہاکہ میں برطرف شدہ ہوں، اللہ عمران خان کو میرے جیسے انجام سے بچائے۔ مولانا بخش چانڈیو نے کہاکہ وزیراعظم کو مانتے ہیں تو ان کی معاون خصوصی کو بھی مانتے ہیں۔