لاہور (این این آئی)پاکستان مسلم لیگ (ن)کے قائد سابق وزیراعظم محمد نوازشریف نے واضح کیاہے کہ جو مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ گئے اب انکی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں،چھوڑ نے والے کبھی ہمارے قافلے میں شامل نہیں ہوسکیں گے ،بہت سے الزامات لگے ہیں آج تک کرپشن ثابت نہیں ہوسکی ،جب میں نے کوئی کرپشن نہیں کی تو کوئی بتائے کس کیس میں جیل میں رکھا ہوا ہے؟گھر گھر پاکستان مسلم لیگ ن کا بیانیہ پہنچا دو۔
نواز شریف پیچھے ہٹنے والا نہیں۔ جمعرات کو سابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف سے پارٹی کے سینئر رہنمائوں نے کوٹ لکھپت جیل میں ملاقات کی جن میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی، سابق وزیر خواجہ آصف، مشاہد اللہ خان ،کھیئل داس کوہستانی، خرم دستگیر، مخدوم جاوید ہاشمی شامل تھے ۔کھیئل داس کوہستانی نے کہاکہ اپنے قائد محمد نواز شریف سے انکی صحت سے متعلق دریافت کیا۔ انہوںنے کہاکہ قائد میاں محمد نواز شریف کے حوصلے بلند ہیں وہ گھبرانے والوں میں سے نہیں۔ سابق وزیر اعظم نوازشریف نے رہنمائوں سے استفسار کیاکہ کسی کو معلوم ہے کہ مجھے جیل میں کس وجہ سے رکھا گیا ہے؟ ۔ نوازشریف نے کہاکہ جب میں نے کوئی کرپشن نہیں کی تو کوئی بتائے کس کیس میں جیل میں رکھا ہوا ہے۔ نوازشریف نے کہاکہ وزیر اعلی اور 3 بار وزیر اعظم رہا ہوں کسی قسم کی بدعنوانی نہیں کی۔ انہوںنے کہاکہ بہت سے الزامات لگے لیکن آج تک ایک روپیہ کی کرپشن ثابت نہیں ہوسکی۔انہوںنے کہاکہ ماضی میں بھی آمروں نے بہت سے کیسز بنائے لیکن سب جھوٹ ثابت ہوا۔انہوں نے کہاکہ جو مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ گئے اب انکی پارٹی میں کوئی جگہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ جو میرے ساتھ استقامت کیساتھ کھڑا ہے مستقبل انہی کا ہی ہے۔نواز شریف نے کہاکہ جو چھوڑ گئے اب وہ کبھی ہمارے قافلے میں شامل نہیں ہوسکیں گے۔ انہوں نے کہاکہ گھر گھر پاکستان مسلم لیگ ن کا بیانیہ پہنچا دو نواز شریف پیچھے ہٹنے والا نہیں۔