بہاولپور (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا ہے کہ نالائق اعظم کو وزیراعظم نہیں مانتی، نالائقوں کی حکومت غریب عوام کیلئے سانحہ سے کم نہیں، تبدیلی کے دعویداروں نے ملک کا برا حال کر دیا،کچھ عرصے بعد ان کا پورا چہرا بے نقاب ہو جائیگا،نالائق اعظم کہتا تھا کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا، اس نے بھیک نہیں مانگی پورے ملک کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دی ہیں۔بہاولپور میں تعزیتی ریفرنس سے
خطاب کرتے ہوئے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے قائد محمد نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے کہا کہ انجینئر بلیغ الرحمان کی زوجہ اور ان کے ننھے سے بچے کے انتقال کا جو سانحہ رونما ہوا اس پر دلی تعزیت کرتی ہوں۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کے رہنماء قمر زمان کائرہ کے بیٹے اسامہ اور ان کے دوست حمزہ کے ٹریفک حادثے میں انتقال پر بھی دلی دکھ کا اظہار کیا۔انہوں نے کہا کہ اسلام آباد میں قبائلی علاقے مہمند سے تعلق رکھنے والی بچی کے ساتھ جو واقعہ پیش آیا سوشل میڈیا پر اس کی تصاویر دیکھ کر میرا دل کانپ اٹھا ہے،ننھی بچی فرشتہ کے مزدور والد جب ہسپتال گئے تو کوئی بچی کا پوسٹ مارٹم کرنے کو تیار نہیں تھا، پولیس سٹیشن میں کوئی اس واقعہ کا مقدمہ درج کرنے کیلئے تیار نہیں تھا، ارباب اختیار سے گزارش ہے کہ بچی سے زیادتی کے کیس میں جو کوتاہیاں ہوئی ہیں ان کا نوٹس لیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ یہ تو کچھ خاندانوں کیساتھ انفرادی سانحے ہوئے تھے لیکن ایک سانحہ پاکستانی قوم کے ساتھ بھی ہوا ہے، نالائقوں کی حکومت آنا بھی پاکستان کے 22 کروڑ عوام کیلئے سانحے سے کم نہیں ہے۔انہوں نے کہا کہ 10 مہینے ہو گئے پاکستان میں ایک بھی اچھی خبر سننے کو نہیں ملی، روز صبح اٹھتے ہیں تو گیس، بجلی اور ادویات مہنگی ہونے کی خبریں سننے کو ملتی ہیں، ملک کے 22 کروڑ عوام مہنگائی کی چکی میں پس رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ، مہنگائی کی وجہ سے میاں بیوی میں لڑائیاں ہورہی ہیں کیونکہ آمدنی کم اور خرچے دگنے ہوگئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ نواز شریف نے دھرنوں اور سازشوں کے باوجود ملک کو کہاں سے کہاں پہنچایا، ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کیا۔انہو ں نے کہا کہ محمد نواز شریف نے ان سے آج تک اپنی رہائی کے بارے میں ایک بار بھی نہیں کہا، انہوں نے ہمیشہ کہا کہ عوام کے دکھ درد میں شریک ہو۔وزیراعظم عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے مریم نوازنے کہا کہ میں اس شخص کو وزیراعظم نہیں نالائق اعظم کہتی ہوں، نالائق اعظم کہتا تھا کہ کسی کے آگے ہاتھ نہیں پھیلاؤں گا، نالائق اعظم نے
بھیک نہیں مانگی بلکہ پورے ملک کی چابیاں آئی ایم ایف کے حوالے کر دیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اس وقت صرف دو چیزیں سستی ہیں، ایک پاکستانی روپے کی قیمت اور دوسری ہماری ملکی خود مختاری، ہمارا نالائق اعظم دوسرے ممالک کے دورے کرنے نہیں جاتا بلکہ وہ پیسے مانگنے جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ نالائق اعظم چوری کر کے چور دروازے سے آیا، اپوزیشن کی ایک افطاری پر ان کی ٹانگیں کانپنے لگ جاتی ہیں، ان کی جھینپ اور کپکپاہٹ نظر آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ تبدیلی کے دعویداروں نے ملک کا برا حال کر دیا ہے، کچھ عرصے کے بعد ان کا پورا چہرا بے نقاب ہو جائے گا، لوگ ان کے بھیانک چہرے کودیکھ رہے ہیں۔