اسلام آباد(آن لائن) سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ چیئر مین نیب کا انٹر ویو سیاستدانوں کی بدنامی ہے۔ متنازعہ اور سیاسی بیان دینے کے بعد چیئر مین نیب اپنے عہدے پر رہنے کے اہل نہیں رہے۔ اپنی ذات کو مثال کے طورپر پیش کرتے ہوئے گوشواروں کی تفصیلات پارٹی ویب سائٹ اور
ٹویئٹر پر جاری کر دی ہیں۔ منگل کے روز نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ میں نے پریس کانفرنس اپنی ذات کے لئے نہیں کی بلکہ حقائق کو سامنے لانے کے لئے کی اسمبلی اجلاس کی وجہ سے نیب کے سامنے پیش نہیں ہو سکا اثاثوں کے حوالے سے سوال نامے پر نیب کو جوابات جمع کروا دیے ہیں چیئر مین نیب کا انٹر ویو سیاستدانوں کی بد نامی کا باعث ہے اگر چیئر مین نیب سے منسوب باتیں درست ہیں تو وہ ان کی تصدیق کریں اور اگر جھوٹ ہیں تو تردید کر دیں انٹرو یو میں کی گئی باتوں کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔ متنازع اور سیاستی بیانات دینے کے بعد چیئر مین اپنے عہدے پر رہنے کے اہل نہیں رہے۔ شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نیب کو خط لکھا ہے کہ وہ جب بلائیں گے حاضر ہو جاؤں گا اور نیب مجھ سے جب بھی سوال پوچھے گا تو نیب کو بھی جواب دوں گا اور عوام کو بھی جواب دوں گا انہوں نے کہا میں نے اپنی ذات کو مثال کے طورپر پیش کرتے ہوئے اپنے گوشواروں کی تفصیلات پارٹی ویب سائیٹ اور ٹویئٹر پر ڈال دی ہیں چاہتا ہوں کہ جو سوال نامہ مجھے دیا گیا وہی موجودہ وزیراعظم اور وزراء کو بھی دیا جانا چاہئے۔