کراچی (این این آئی) چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کے اگلے مرحلے میں ملک میں خصوصی اقتصادی زونز کو فعال بنانے کے لئے اقدامات شروع کردیئے گئے ہیں، سرمایہ کاری بورڈ آئندہ 2 سال کے دوران پاک چین اقتصادی راہدای کے تحت تعمیر کیے جانے والے 7 مخصوص اقتصادی زونز کی تیز ترین تعمیر کیلئے جامع حکمت عملی مرتب کر رہی ہے۔سی پیک سیکرٹریٹ حکام کے مطابق کہ ان اقتصادی زونز میں زمین کے حصول، یوٹیلیٹی سروسز، سیکورٹی اور بنیادی ڈھانچے کے مسائل کے خاتمے کیلئے ہنگامی اقدامات کیے جائیں گے تاکہ مقررہ وقت میں ان کی تکمیل کو یقینی بنایا جاسکے۔
سابق حکومت نے خصوصی زونز کی تعمیر کے حوالے سے مسائل کے خاتمہ پر کوئی توجہ نہیں دی تھی جس سے ان کی تعمیر میں تاخیر ہوئی۔پہلے رشکئی، ایم ون نوشہرہ اور چائنہ سپیشل اکنامک زون دھابیجی کے 3زونز پرخصوصی توجہ دی جائے گی جس کے بعد ایم تھری علامہ اقبال انڈسٹریل سٹی اور فیصل آباد زونز پر دوسرے مرحلہ میں خصوصی اقدامات کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہاکہ مخصوص اقتصادی زونز کی تعمیر سے ملک میں مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاری کے فروغ میں صنعتی و تجارتی سرگرمیوں میں بھی اضافہ ہوگا اور روز گار کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔