اسلام آباد (این این آئی) پاکستان مسلم لیگ (ن)نائب صدر اورسابق وزیر اعظم نوازشریف کی صاحبزادی مریم نواز نے واضح کیا ہے کہ نوازشریف اور شہباز شریف کا بیانیہ ایک ہی ہے،نوازشریف کا بیانیہ پاکستان کے اچھے مستقبل کی ضمانت ہے، موجودہ حکومت ووٹ کی عزت کو پاؤں میں روند کر آئی ہے،جعلی انسان کو وزیر اعظم نہیں مانتی،وہ وزیر اعظم کے عہدے کی توہین ہیں،علیمہ خان نے جو جرمانے بھرے وہ کسی کو نظر نہیں آتے،یہ سب مہرے ہیں انکا نام لینے کا فائدہ نہیں،
حکومتی وزراء نیب کے ترجمان بنے ہوئے ہیں، عوام کی بالادستی سے ہی ملک چلے گا جلد مسلم لیگ (ن) عوام کے حقوق کیلئے آواز اٹھاتی نظر آئیگی۔ پیر کو پاکستان مسلم لیگ (ن) کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز نے کہاکہ جعلی انسان کو وزیراعظم نہیں مانتی،وہ وزیراعظم کے عہدے کی توہین ہیں۔ انہوں نے کہاکہ ہم لوگ جعلی مقدمات اور احتساب بھگت کے یہاں پہنچے ہیں،ہم وہ نہیں جو اشتہاری ہوں اور کورٹ میں پیش بھی ہوں لیکن کچھ نہ ہو۔ انہوں نے کہاکہ انشااللہ آپکو مسلم لیگ (ن)میں جان نظر آئے۔انہوں نے کہاکہ نواز شریف اور شہباز شریف کا بیانیہ ایک ہی ہے،نواز شریف ا بیانیہ پاکستان کے اچھے مستقبل کی ضمانت ہے۔ انہوں نے کہاکہ نواز شریف کے بیانیے میں کوئی چیز آئین سے متصادم نہیں۔انہوں نے کہاکہ ہمارا بیانیہ ہے ”ووٹ کو عزت دو“۔انہوں نے کہاکہ موجودہ حکومت ووٹ کی عزت کو پاؤں میں روند کر آئی ہے۔ مریم نواز نے کہاکہ فری اینڈ فیئر الیکشن میں عوام کی ترجمان حکومت آئے تو مسائل حل ہونگے۔ انہوں نے کہاکہ علیمہ خان نے جو جرمانے بھرے وہ کسی کو نظر نہیں آتے،یہ سب مہرے ہیں انکا نام لینے کا فائدہ نہیں۔انہوں نے کہاکہ سب کی پراپٹیز کو میڈیا میں دبایا جاتا ہے انکے خلاف ایکشن نہیں ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ سیلیکٹو احتساب کی کوئی کریڈیبلٹی نہیں ہوتی،کریڈیبلٹی نہ ادارے کی ہے اور نہ ہی اس کے احتساب کی۔ انہوں نے کہاکہ نیب نے جو سزائیں دینی ہوتی ہیں وہ وزراء پانچ دن پہلے بتا دیتے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ حکومتی وزراء نیب کے ترجمان بنے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب بکسے چوری کئے جائیں تو ووٹ کو عزت نہیں ملتی، جب ووٹ چور آئیں تو ایسا ہی ہوتا ہے جیسا آج قوم کیساتھ ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکمران عبرت کا نمونہ ہیں، ووٹ کو عزت نہیں ملتی تو ملک کا یہی حال ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ پہلے دو رائے ہونگی لیکن اب شہباز شریف کا بھی ایک ہی بیانیہ ہے
اب وہ بھی اس بیانئے پر آگئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ عمران خان کے پاس جھوٹ بولنے کے علاوہ کچھ نہیں رہا۔انہوں نے کہاکہ سول سپر میسی اور عوام کی بالا دستی سے ہی ملک نے چلنا ہے۔ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ پارلیمنٹ میں بطور رکن کب آرہی ہیں؟ اس پر انہوں نے جواب دیا کہ بہت جلد انشا اللہ۔انہوں نے کہاکہ اس حکومت کو کسی اپوزیشن کی ضرورت نہیں، یہ حکومت خود ہی اپنے آپ کو گرادیگی۔