کراچی(این این آئی) پاکستان کے قرضوں اور واجبات میں ریکارڈ اضافہ ہوا، مجموعی قرضوں کا حجم 350 کھرب روپے سے بھی تجاوز کر گیا۔اسٹیٹ بینک کے مطابق پاکستان کے قرضے اور واجبات کا مجموعی حجم تاریخ میں پہلی بار350 کھرب 94 ارب 50 کروڑ روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیاہے،رواں مالی سال 9ماہ کے دوران مجموعی قرضوں میں 52 کھرب 15 ارب 30 کروڑ روپے کا ریکارڈ اضافہ ہوا، پاکستان کے ہر شہری پر اوسطاً قرضوں کا بوجھ ایک لاکھ 69 ہزار روپے ہو گیا، 9ماہ قبل ہر شہری اوسطاً ایک لاکھ 43 ہزار800روپے
کا مقروض تھا۔9 ماہ کے دوران مجموعی قرضوں اور واجبات میں 17.5 فیصد اضافہ ہوا، گزشتہ مالی سال اس عرصے میں قرضوں میں اضافے کی شرح 12.9 فیصد تھی،اسٹیٹ بینک کے مطابق رواں مالی سال کے 9ماہ کے دوران حکومت کے اندرونی قرضے 10.7 فیصد اضافے سے 181 کھرب 71 ارب روپے اور بیرونی قرضے 23.5 فیصد اضافے سے 96 کھرب 26 ارب روپے تک پہنچ گئے، جبکہ نجی شعبے کے بیرونی قرضوں کا حجم اس دوران 16 کھرب 54 ارب روپے سے بڑھ کر 21 کھرب 8 ارب روپے ہو گیا۔