لاہور (آن لائن) مسلم لیگ ن کی سیکرٹری اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے جہانگیرترین کیخلاف توہین عدالت کی کاروائی کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی۔سپریم کورٹ آف پاکستان کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے والے تحریک انصاف کے سابق سیکرٹری جنرل جہانگیرترین وفاقی کابینہ کے اجلاسوں میں مسلسل شرکت کررہے ہیں۔جبکہ وزیر اعظم عمران خان کی جانب سے زراعت کا شعبہ مکمل طور پر جہانگیرترین کے حوالے کردیا گیا ہے۔جہانگیرترین کی کابینہ اجلاسوں میں شرکت پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی متعدد مرتبہ
اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں۔دوسری جانب جہانگیرترین وزیر اعلیٰ پنجاب کے سرکاری دفتر کو اپنے ذاتی مقاصد کیلئے استعمال کررہے ہیں۔جہانگیرترین وزیر اعلیٰ آفس میں سرکاری خزانے سے آئے روز لوگوں کی دعوتیں کررہے ہیں۔عدالت عظمیٰ کی جانب سے نا اہل قرار دیے جانے والا شخص حکومتی معاملات میں مداخلت کرکے عدالت کی توہین کررہا ہے۔ لہذا یہ ایوان سپریم کورٹ آف پاکستان سے مطالبہ کرتا ہے کہ نااہل جہانگیرترین کار سرکار میں مداخلت کا نوٹس لے اور جہانگیرترین کیخلاف توہین عدالت کے تحت کاروائی عمل میں لائی جائے۔