اسلام آباد (این این آئی) جے یو آئی (ف)کے سینیٹر مولانا عبد الغفور حیدری نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت نے کن وجوہات پر سیکورٹی واپس لی؟ واضح کرنا چاہتا ہوں اگر مولانافضل الرحمن کو کچھ ہوا تو ایف آئی آر وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف درج ہوگی،موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے،امید ہے اپوزیشن بھی ہمارے مؤقف کی تائید کرے گی۔
منگل کو سینٹ اجلاس کے دور ان مولانا فضل الرحمن کی سیکورٹی واپس لیے جانے کے معاملے پر نکتہ اعتراض پر مولانا عبدالغفور حیدری نے کہاکہ پہلے گھر سے پولیس والوں کو ہٹایا۔ انہوںنے کہاکہ مولانا فضل الرحمن کی ذاتی دو گاڑیاں واپس لیں۔ انہوںنے کہاکہ دس سے بارہ پولیس والوں کو واپس بلا لیا۔انہوںنے کہاکہ چارسدہ پر مولانافضل الرحمن پر حملہ ہوا،صوابی میں مولانافضل الرحمن پر حملہ ہوا،کوئٹہ پر بھی ہمارے قافلے پر خودکش حملہ ہوا،ان تمام حملوں کے بعد مولانافضل الرحمن کو سیکورٹی دی گئی۔انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت نے کن وجوہات پر سیکورٹی واپس لی؟ واضح کرنا چاہتا ہوں اگر مولانافضل الرحمن کو کچھ ہوا تو ایف آئی آر وزیراعظم اور وزیر داخلہ کے خلاف درج ہوگی۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت دھاندلی کی پیداوار ہے،امید ہے اپوزیشن بھی ہمارے مؤقف کی تائید کرے گی۔