پشاور(این این آئی)خیبر پختونخوا کابینہ نے کے پی لوکل گورنمنٹ ترمیمی بل کی منظوری دے دی ۔ضلع کونسل اور ضلع ناظم کا عہدہ ختم ہوگیا ،مقامی حکومتوں کا نظام تحصیل اور ویلیج کونسل پر مشتمل ہوگا ۔خیبر پختونخوا کابینہ کا اجلاس وزیراعلیٰ محمود خان کی زیر صدارت ہوا ۔کابینہ اجلاس میں یک نکاتی ایجنڈے کے تحت بلدیاتی نظام کی ترامیم کی منظوری دی گئی ،صوبائی وزیر بلدیات شہرام ترکئی کا اجلاس کے بعد میڈیا بریفنگ میں کہنا تھا کہ نئے لوکل گورنمنٹ بل کے تحت بلدیاتی نظام دو درجہ ہوگا ۔نئے ترمیمی بل کے تحت ناظمین اب چئیرمین کہلائیں گے،تمام ڈویژن ہیڈکوارٹرز
میں سٹی گورنمنٹ بنائے جائینگے، سٹی گورنمنٹ کا سربراہ میئر ہوگا ۔تحصیل، ٹاون اور میئر کے انتخابات براہ راست ہونگے ۔33 فیصد خواتین،5فیصد نوجوانوں اور اقلیت کا بھی کوٹہ ہوگا،وزیر بلدیات کا کہنا تھا کہ ویلیج اور نیبرہڈ کونسل میں ممبران کی تعداد 6سے 7 ہوگی، مجوزہ ترامیم کے مطابق تحصیل ناظم کا انتخاب براہ راست ہوگا ۔تحصیل کونسل اختیارات کا سر چشمہ ہوگی ۔تحصیل ناظم کو صحت،تعلیم،سماجی بہبود،پولیس اور دیگر محکمے تفویض ہوں گے ۔کابینہ سے منظوری کے بعد ترمیمی بل کو خیبر پختونخوا اسمبلی میں منظوری کے لئے پیش کیا جائیگا۔