کوہاٹ(این این آئی) کوہاٹ پولیس نے دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاون کرتے ہوئے درجنوں افغانیوں کو پابند سلاسل کردیا جبکہ شہر میں افغان مہاجرین پر عائد پابندی کے باعث متعدد دکانیں بند ہوگئی ہیں اور مہاجرین اپنے کیمپوں میں محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔ ملک کی موجودہ نازک صورتحال کے تناظر میں ڈپٹی کمشنر کوہاٹ نے چار روز قبل یکم مارچ سے 10 مارچ 2019 تک دس روز ضلع بھر میں دفعہ 144 ضابطہ فوجداری نافذ کرکے
افغان مہاجرین پر پابندی عائد کردی تھی اور انہیں کیمپوں تک محدود کرنے کے احکامات جاری کئے تھے تاہم بعض افغان مہاجرین ضلعی انتظامیہ کے احکامات کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیمپوں سے نکل کر شہری علاقوں میں دیکھے گئے جبکہ اکثر مہاجرین رکشہ وغیرہ چلا کر اور مزدوری کرکے کیمپوں سے باہر جانے پر مجبور ہوئے جس پر مقامی پولیس نے اتوار کے روز شہر کے مختلف علاقوں میں قائم تھانوں کی حدود میں افغان مہاجرین کے خلاف کریک ڈاون کیا اور دفعہ 144 کی خلاف ورزی کرنے پر کم از کم 84 افغان مہاجرین کو حراست میں لے کر پابند سلاسل کردیا۔ ادھر پابندی کیباعث شہر کے مختلف بازاروں میں واقع افغان مہاجرین کی درجنوں دکانیں بند ہوگئی ہیں اور بازاروں میں رش کم ہوگیا ہے جبکہ کریک ڈاون کے بعد مہاجرین کیمپوں تک محدود پوگئے ہیں۔دریں اثناء4 افغان مہاجرین نے ضلعی انتظامیہ کی پابندی پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے حکومت سے پابندی ہٹانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بازار میں افغانیوں کا کاروبار بند کرکے اور غریب اور مزدور کار مہاجرین پر پابندی عائد کرکے انہیں شدید مالی مشکلات سے دوچار کردیا گیا ہے جس کی وجہ سے افغان مہاجرین کے گھروں کے چولہے ٹھنڈے پڑ گئے ہیں۔افغان مہاجرین نے حکومت اور مقامی انتظامیہ سے اپیل کی ہے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے اور افغانیوں کو بازاروں میں کاروبار کرنے کی اجازت دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ وہ انڈیا کی جارحیت پر پاکستانی عوام اور پاک فوج کے ساتھ ہیں۔



















































