لاہور ( این این آئی) پاکستان اٹامک انرجی کمیشن کے ملازم کے قتل کی تفتیش مکمل ،مقتول کی بیوی اور آشنا قاتل نکلے جنہیں گرفتار کر کے قانونی کارروائی شروع کر دی گئی ۔ انویسٹی گیشن ٹاؤن شپ پولیس کے مطابق مقتول عامر علی اور نورین نے پسند کی شادی کی تھی مگر عامر کے والد نے شادی تسلیم نہیں کی جس کی وجہ سے دونوں کرائے کے گھر میں رہائش پذیر رہے جہاں مالک مکان کے ساتھ نورین کی دوستی ہوگئی ۔نورین نے اپنے شوہر کو مالک مکان نعمان کے ہاتھوں قتل کروانے
کا منصوبہ بنایا ۔پولیس کے مطابق نعمان نے چار روز تک عامر کی ریکی کی،واردات کے دن نعمان عامر کے راستے میں کھڑا ہوا اور اس سے لفٹ لی، لفٹ لینے کے بعد موقع پاتے ہی نعمان نے موٹر سائیکل رکوائی اور روکتے ہی عامر کو دو گولیاں ماریں اور فرار ہو گیا ۔پولیس کا کہنا ہے کہ ریٹائرمنٹ کے بعد ملنے والی رقم ہتھیانے کے لئے عامر علی کو قتل کیا گیا۔انویسٹی گیشن ٹاؤن شپ پولیس نے مقتول کی بیوی نورین اور آشنا نعمان کو گرفتار کر کے مزید کارروائی شروع کر دی ہے ۔