اسلام آبا د(آئی این پی) حکومت نے پارلیمنٹ کی پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین اپوزیشن سے ہی کسی کو مقرر کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔وزیر اعظم عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کو نئے سرے سے اپوزیشن سے مذاکرات کرنے کا ٹاسک دیا ہے،اپوزیشن کی جانب سے قائد حزب اختلاف شہباز شریف اور خواجہ محمد آصف کے علاوہ کسی بھی رکن کا نام قابل قبول ہوگا۔ذرائع کے مطابق پیر کو وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وزیر اعظم ہاؤس میں مشاورتی اجلاس ہوا
جس میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر، ڈپٹی اسپیکرقومی اسمبلی قاسم سوری، وزیر دفاع پرویز ختک ، وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان،سینیٹ میں قائد ایوان سینیٹر شبلی فراز،قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کے چیف وہیب عامر ڈوگر اور وزیر اعظم کے معاون خصوصی سیاسی امور نعیم الحق نے شرکت کی۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارلیمنٹ میں قانون سازی، چیئرمین پی اے سی اور قائمہ کمیٹیوں کی تشکیل سے متعلق مشاورت کی گئی۔سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے وزیر اعظم عمران خان کو چیئرمین پی اے سی کے حوالے سے اپوزیشن سے ہونے والے مذاکرات پر بھی آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے پارلیمنٹ کو مزید مضبوط بنانے کا عزم ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ اب پارلیمان کے اجلاسوں میں پہلے سے زیادہ شرکت کروں گا۔ حکومت نے اپوزیشن کو چیئرمین پی اے سی اور دیگر قائمہ کمیٹیوں پر قائل کرنے کی کوشش کرنے کا بھی فیصلہ کیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت ایک بار پھر اپوزیشن سے مذاکرت کرے گی اور یہ عندیہ بھی دیا گیا ہے کہ چیئرمین پی اے سی اپوزیشن سے لیا جائے گا۔ وزیر اعظم عمران خان نے سپیکر قومی اسمبلی کو اپوزیشن سے نئے سرے سے مذاکرات کرنے کا ٹاسک دیا۔ذرائع کے مطابق اپوزیشن کی جانب سے چیئرمین پی اے سی کیلئے شہبازشریف اور خواجہ آصف کے علاوہ کسی بھی اور رکن کا نام قبول کرلیا جائے گا۔