لاہور( نیوزڈیسک) ایوان وزیر اعلیٰ کے لئے صوابدیدی فنڈز کے تحت پانچ کروڑ کے فنڈز جاری کرنے کی درخواست نے حکومت کے دعوؤں کی نفی کر دی ۔ نجی ٹی وی کے مطابق تحریک انصاف کی حکومت کی طرف سے دعویٰ کیا گیا تھا کہ وزیر اعلی پنجاب اپنا صوابدیدی فنڈ استعمال نہیں کریں گے لیکن وزیر اعلی پنجاب کے سپیشل سیکرٹری محمد آصف بلال لودھی کی جانب سے لکھے جانے والے خط نے حکومتی دعوں کا پول کھول دیا ہے۔ وزیر اعلی پنجاب
عثمان بزدار کے سپیشل سیکرٹری محمد آصف بلال لودھی نے سیکرٹری خزانہ کو خط لکھا ہے کہ صوابدیدی فنڈز کے تحت ایوان وزیر اعلی کو پانچ کروڑ روپے کی رقم جاری کی جائے۔خط میں یہ بھی لکھا ہے کہ سیکرٹری خزانہ کو اس سے قبل بھی پانچ کروڑ کی رقم جاری کرنے کے لیے 11اکتوبر کو خط لکھا گیا تھا لیکن رقم نہیں جاری کی گئی۔ذرائع کا کہنا ہے کہ فنڈز کے استعمال کے متعلق محکمہ خزانہ کو آگاہ نہیں کیا گیا کہ یہ فنڈز خرچ کہاں ہوں گے۔