اسلام آباد(اے این این ) اسلام آباد کے پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ نے سابق وزیر اعلیٰ پنجاب، مسلم لیگ نون کے قائد اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں شہباز شریف کا طبی معائنہ کیا۔صبح 9 بجے 4رکنی پولی کلینک کے میڈیکل بورڈ نے منسٹر انکلیو میں شہباز شریف کا ایک مرتبہ پھر طبی معائنہ کیا۔ذرائع کے مطابق چار رکنی میڈیکل بورڈ نے کینسر ماہرین پر مشتمل بڑا بورڈ تشکیل دینے کی سفارش کی ہے، قائد حزب اختلاف کو تجویز کردہ ادویات جاری رکھنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
ذرائع نے یہ بھی بتایا کہ میڈیکل بورڈ نے شہباز شریف کے سی ٹی اسکین سمیت دیگر ٹیسٹ کرانے کی سفارش بھی کی۔پولی کلینک کی طبی ٹیم نے شہباز شریف کا سی ٹی اسکین (آج) اتوار کو اسلام آباد میں کرانے کا مشورہ بھی دیا۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کی حالیہ بلڈ رپورٹ میں کینسر کی علامات ظاہر ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔شہباز شریف ماضی میں سرطان کے مرض سے صحت یاب ہوئے تھے، طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ سرطان کے مریضوں میں مرض دوبارہ ظاہر ہونے کے امکانات موجود رہتے ہیں۔