اسلام آباد ،راولپنڈی(اے این این)وفاقی اور راولپنڈی کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائیگی ،برائے مہربانی افواہوں پر یقین نہ کریں، تمام راستے کھلے ہیں، قانون توڑنے اور امن خراب کرنیوالوں کیخلاف سخت کارروائی کی جائیگی۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر راولپنڈی عمر جہانگیر نے کہا ہے کہ کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔عمر جہانگیر نے عوام کو آگاہ کیا ہے کہ شہر کے تمام داخلی و خارجی راستوں پر کوئی رکاوٹ نہیں۔ڈپٹی کمشنر اسلام آباد نے بھی ایک ٹویٹ میں کہا ہے کہ اسلام آباد کی تمام سڑکیں اور راستے کھلے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ امن و امان بحال رکھنے کیلئے پولیس اور رینجرز کی نفری تعینات کی گئی ہے قانون توڑنے اور عوامی امن خراب کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔قبل ازیں ڈپٹی کمشنر نے ایک ٹویٹ میں کہا تھا کہ برائے مہربانی افواہوں پر یقین نہ کریں، اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس آپ کی حفاظت پر معمور ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ شب تحریک لبیک پاکستان کے رہنما خادم حسین رضوی کی گرفتاری کے بعد ملک بھر میں دھرنوں اور احتجاج کی کال دی گئی تھی۔مذہبی جماعت کی جانب سے احتجاج کی کال کے بعد حکومت نے صورتحال کنٹرول کرنے کیلئے مانیٹرنگ سیل بھی بنایا تھا جب کہ فیض آباد انٹرچینج پر پولیس اور رینجرز کے 120 جوان تعینات کیے گئے تھے۔