اسلام آباد (این این آئی) ایف آئی اے نے پی ٹی وی کرپشن کیس میں شاہد مسعود کو گرفتار کرلیا۔ جمعہ کو اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس محسن اختر کیانی نے اینکر شاہد مسعود کی درخواست ضمانت پرسماعت کی۔پی ٹی وی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ کیس میں پی ٹی وی کے کاشف ربانی بھی شریک ملزم ہیں، شاہد مسعود نے جعلی کمپنی کے ساتھ کرکٹ میچز کی نشریاتی حقوق کا معاہدہ کیا، جعلی کمپنی کو معاہدے کے وقت 3 کروڑ 70 لاکھ کی فوری ادائیگی کی گئی، کمپنی لاہور میں کیٹرنگ اور دیگوں
کا کام کرتی تھی۔پی ٹی وی کے وکیل کے مطابق اس جعلی کمپنی کو کاشف ربانی اور شاہد مسعود کے علاوہ کوئی اور نہیں جانتا تھا، شریک ملزم کاشف ربانی ضمانت مسترد ہونے پر ایک کروڑ 29 لاکھ روپے واپس کرچکے ہیں، دوسرے شریک ملزم روشن مصطفی گیلانی نے بھی 80 لاکھ روپے واپس کیے، شریک ملزمان کا کہنا ہے کہ باقی کے پیسے شاہد مسعود کو دینا ہیں۔عدالت نے شاہد مسعود کی درخواست ضمانت مسترد کردی جس پر ایف آئی اے نے انہیں کمرہ عدالت کے باہر سے گرفتار کرلیا۔