لندن(این این آئی) برطانوی جریدے نے برطانوی دفتر خارجہ پر الزام لگایا گیا ہے کہ ان کی سیاسی پناہ گزینوں کے لیے بنائی گئی پالیسی پاکستان میں جاری مظاہروں کے دباؤ میں آگئی۔اخبار نے اپنی رپورٹ میں دعویٰ کیا کہ برطانوی دفتر خارجہ نے ہوم آفس پر زور دیا کہ وہ پاکستان میں مقیم برطانوی سفارتی عملے کے تحفظ کو ملحوظ خاطر رکھتے ہوئے آسیہ بی بی کو سیاسی پناہ نہ دیں۔اخبار کے مطابق اسلام آباد میں متعین برطانوی ہائی کمشنر
نے حکومت کو بتایا تھا کہ اگر آسیہ بی بی کو سیاسی پناہ دی گئی تو وہ پاکستان میں عملے کے تحفظ کی یقین دہانی نہیں کرا سکتے۔برطانوی خارجہ امور کمیٹی کے سربراہ ٹوڈ ٹوجنڈ ہیٹ نے دفتر خارجہ کے مستقل سیکریٹری سر سائمن میکڈونلڈ سے پوچھا کہ کیا اس واقعے سے یہ سوال نہیں اٹھتا کہ برطانوی عملے کی سیکورٹی بڑھائی جائے یا اس کے مطلب ہے کہ چند مظاہرین برطانوی پالیسی کو دباؤ میں لانے میں کامیاب ہو گئے۔