خیرپور(نیوز ڈیسک ) پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین اور سابق صدر آصف زرداری نے کہا ہے کہ نوازشریف اور مریم شاید حالات ٹھنڈے کررہے ہیں،کبھی حالات گرم بھی کیے جاتے ہیں تو کبھی ٹھنڈے بھی،گیس اور پیٹرول پر قیمت بڑھائیں گے تو ہر چیز کی قیمت ڈبل ہوگئی ،حکومت نے مولوی صاحبان کے ساتھ این آر او کرلیا اور جو غریب لوگ ٹی وی پر نظر آئیں گے انہیں پکڑیں گے،
منظور وسان کا خواب کہتا ہے یہ حکومت اپنا وقت پورا نہیں کریگی۔خیرپور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے آصف علی زرداری نے کہا کہ ہماری حکومت نے کام کیا ہے، لوگوں کی زمینوں کے پیسے دیئے ہیں، بھاشا ڈیم کی فزیبلٹی بنائی۔انہوں نے وزیراعظم کا نام لیے بغیر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ہمیشہ یوٹرنرز ہوتے ہیں، دیکھتے ہیں کیا ہوتا ہے۔سابق صدر نے کہا کہ جب گیس اور پیٹرول پر قیمت بڑھائیں گے تو ہر چیز کی قیمت ڈبل ہوگئی ہے۔آصف زرداری نے اپنے ساتھ بیٹھے پی پی رہنما کی طرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ منظور وسان کا خواب کہتا ہے یہ حکومت اپنا وقت پورا نہیں کریگی۔نیب کی کارروائیوں سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ان حالات میں کوئی بیوروکریٹ کام کرنے کے لیے تیار نہیں۔میاں نوازشریف سے متعلق سوال پر آصف زرداری نے کہا کہ شاید نواز شریف اور مریم نواز حالات ٹھنڈے کررہے ہیں، کبھی حالات گرم بھی کیے جاتے ہیں تو کبھی ٹھنڈے بھی۔این آر او سے متعلق سوال پر سابق صدر نے کہا کہ کچھ روز پہلے مولوی صاحبان نے جو زبان استعمال کی وہ سب نیٹ پر موجود ہے لیکن حکومت نے ان کے ساتھ این آر او کرلیا اور جو غریب لوگ ٹی وی پر نظر آئیں گے انہیں پکڑیں گے، جنہوں نے الزام لگائے ان کے ساتھ این آر او کرلیا۔آصف زرداری نے کہا کہ بیرون امداد کی ضرورت نہیں سمجھتا، اپنی مارکیٹیں مضبوط کریں۔سابق صدر نے میڈیا ہاسز سے ورکرز کو نکالے جانے کی بھی مذمت کی۔