اسلام آباد(این این آئی) مولانا سمیع الحق کی شہادت قومی سانحہ ہے,مولانا کی دینی و ملی خدمات ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی,مولاناسمیع الحق کی شہادت کا سانحہ پوری ملت کے لیے افسوس ناک ہے,مولانا کی شہادت کی غیر غیرجانبدارانہ اورمنصفانہ تحقیقات کروائی جائیں,مولانا کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے,اگر اس سے قبل شہید کیے گئے علماء کرام کے قاتلوں کو کیفر کردار تک پہنچایا جاتا تو آج ایک اور قومی لیڈر کی شہادت کا سانحہ پیش نہ آتا ان خیالات کا اظہار وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے قائدین مولانا ڈاکٹر عبدالرزاق اسکندر,
مولانا انوار الحق, مولانا مفتی محمد رفیع عثمانی اور مولانا محمد حنیف جالندھری نے مولانا سمیع الحق کی المناک شہادت کی اطلاعات پر اپنے ایک بیان میں کیا۔ وفاق المدارس کے قائدین نے مولانا سمیع الحق کی شہادت پر گہرے رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے اسے قومی سانحہ قرار دیا۔انہوں نے کہا مولانا کی دینی,تعلیمی اور ملی خدمات مدتوں یاد رکھی جائیں گی۔وفاق المدارس کے قائدین نے مولانا کے قاتلوں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ ان کی شہادت کے سانحہ کی آزادانہ اور منصفانہ تحقیقات کروا کر حقائق قوم کے سامنے لائے جائیں۔