اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک ) سپریم کورٹ کی جانب سے گزشتہ روز بری ہونے والی آسیہ بی بی کا خاوند عاشق مسیح اپنی فیملی کے ہمراہ برطانیہ سے پاکستان پہنچ گیا ۔روزنامہ جنگ کے مطابق انتہائی معتبر ذرائع نے بتایا کہ عاشق مسیح گزشتہ ہفتے اسلام آباد پہنچاجہاں اسے حفاظتی اقدامات کے تحت سکیورٹی اداروں نے تحویل میں لے لیا۔عاشق مسیح اپنی اہلیہ کی ممکنہ رہائی کے بعد اسے بیرون ملک لے جانے کیلئے پاکستان آیا تاہم دونوں کی ملاقات نہیں ہو سکی۔دریں اثنا توہین رسالت ۖکے مقدمہ میں
مدعی کے وکیل غلام مصطفی چوہدری نے کہا ہے کہ ان کے موکل کویہ فیصلہ کسی صورت بھی قابل قبول نہیں،وہ فیصلے کی مصدقہ نقل حاصل کرکے اس کے خلاف نظرثانی کی درخواست دائر کریں گے۔ مدعی اور گواہوں کا آسیہ بی بی کے ساتھ کوئی ذاتی جھگڑا نہیں تھا،اس نے قرآن مجید اور نبی کریم ۖکی شان میں گستاخی کی تھی اور اس نے کہیں بھی اس واقعہ کے رونما ہونے سے انکار نہیں کیا تھا ،یہی وجہ تھی کہ اس کے خاوند نے بھی مجمع کے اندر ملزمہ کے حق میں گواہی دینے سے انکار کر دیا تھا۔